کمٹہ :17؍ فروری (ایس اؤ نیوز ) کانگریس کے اقتدارسنبھالتے ہی بی جے پی کے بدعنوان وزراء اوراراکین اسمبلی جیل جائیں گے، اسی لئےوزیرداخلہ ابھی سے سینٹرل جیل کے نظام کو بہتربنانے میں مصروف ہوگئے ہیں۔ یہ بات کانگریس قائد اور حزب مخالف لیڈربی کے ہری پرساد نے کہی۔ کمٹہ مرجان میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج ہمارے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دے کر بہتر روزگار فراہم کرنےکی ضرورت ہے۔ جب کہ ہمارے وزیر اعظم تعلیم یافتہ افراد سے کہتے ہیں کہ پکوڑا بیچ کر زندگی گزارو۔ اپنے بچوں کو تعلیم اسی لئے دی جاتی ہے کہ انہیں بہتر نوکری ملے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا ملک کے وزیراعظم کو پکوڑا پکانے کا مشورہ دینے کےلئے ہی وزیر اعظم بنایاگیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے سے مستحکم و مضبوط ملک کی تعمیر ممکن ہوگی صرف جھوٹے وعدوں سے ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔بی کے ہری پرساد نے یہ بھی کہا کہ عوام کوابھی سے یہ فیصلہ کرنا چاہئےکہ وہ کانگریس پارٹی کی بات سن کر اپنے بچوں کے ہاتھوں میں قلم دینا پسند کریں گے ، یا پھر بی جےپی پارٹی کی باتیں سن کر بندوق دیں گے۔
ہری پرساد نے کہاکہ ٹیپوسلطان ایک مجاہد آزادی ہے، جنہوں نے انگریزوں کے خلاف لڑائی لڑتے ہوئے ملک کے لئے شہید ہوگئے، لیکن ساورکر نے انگریزوں سے کیسے معافی مانگ کر انگریزوں کی غلامی کی، یہ تاریخ میں درج ہے۔انہوں نےکہاکہ ملک میں آج رشوت، لوٹ ، قیمتوں میں اضافہ کا طوفان ہے۔ کئی سارے بی جےپی اراکین اسمبلی ملک کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ وزیرداخلہ ابھی سے سینٹرل جیل کے نظام کو بہتر بنانے کی شروعات کرچکے ہیں۔ کیونکہ اُنہیں اس بات کا خطرہ ہے کہ آئندہ کانگریس کی حکومت ہوگی تو آج کے آدھے سے زیادہ ارکان اسمبلی اور وزراء جیل میں ہونگے۔
سابق رکن پارلیمان، سابق گورنرمارگریٹ آلوا نے خطاب کرتےہوئے کہاکہ کمٹہ ۔سرسی کی سڑک دیکھتےہی بی جےپی کی ترقی معلوم ہو جاتی ہے۔ اس کام میں بھی 40فی صد کمیشن کی بو آتی ہے۔ ریاست اور مرکز کے ڈبل انجن والی حکومت میں دونوں انجن فیل ہوچکےہیں کوئی کام نہیں کررہےہیں۔ پکوان گیس کی قیمت 1200روپئے ہوگئی ہے۔ روزمرہ اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ بجٹ میں ہر شعبہ کی امداد میں کمی کی گئی ہے اور ان سب کو اڈانی کی پاکٹ میں ڈالا جارہا ہے۔
کمٹہ میں ابھی تک ملٹی اسپیشالٹی اسپتال کی تعمیر نہیں ہوئی ہے۔ آئندہ کانگریس کی حکومت کے ذریعے یا پھر میں خود بھاگ دوڑ کرتےہوئے پرائیویٹ ہی کیوں نہ ہو ملٹی اسپیشالٹی اسپتال تعمیر کروں گی۔ ایم جی بھنڈاری نے فی خاندان 200یونٹ مفت بجلی اور گرہ لکشمی منصوبے کے تحت گھر کی مالکہ کو 2000روپئے ادا کرنےوالےمنصوبے کی جانکاری دی ۔ ڈائس پر سابق وزیر رکن اسمبلی آر وی دیش پانڈے، کانگریس لیڈر آئیون ڈیسوزا، ضلع صدر سائی گاونکر، نویدیت آلوا، سابق ارکان اسمبلی شاردا شٹی، منکال وئیدیا، ستیش سئیل، جے ڈی نائک، بلاک کانگریس صدر وی ایل نائک وغیرہ موجود تھے۔